ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کاویری تنازعہ پر دیوے گوڈا نے کہا؛ جب تک عدالتی فیصلے کا معالعہ نہیں کریں گے، اپنا ردعمل ظاہر نہیں کریں گے

کاویری تنازعہ پر دیوے گوڈا نے کہا؛ جب تک عدالتی فیصلے کا معالعہ نہیں کریں گے، اپنا ردعمل ظاہر نہیں کریں گے

Tue, 27 Feb 2018 00:52:28    S.O. News Service

بنگلورو،26؍فروری(ایس او نیوز) کاویری تنازعہ پر سپریم کورٹ کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈا نے اس سلسلہ میں  کسی بھی طرح کے ردعمل سے صاف انکار کردیا اور کہاکہ جب تک وہ اس فیصلے کا بغور مطالعہ نہیں کرتے وہ کوئی ردعمل ظاہر کرنا پسند نہیں کریں گے۔

دیوے گوڈا نے کہاکہ جب کاویری معاملہ میں سپریم کورٹ کا فیصلہ آیاتو لیجسلیچر اجلاس جاری  رہا تھا ، سبھی سیاسی جماعتوں نے مٹھائیاں تقسیم کرکے اس فیصلے کا سیاسی امتیازات سے بالاتر ہوکرخیر مقدم کیا۔عوام میں ایسا تاثر ہوگیا کہ طویل جدوجہد کا کرناٹک کو ثمر ملا ہے، لیکن ان کا یہ ماننا ہے کہ جب تک اس فیصلے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ نہیں لیا جاتا کوئی بھی ردعمل ظاہر نہیں کیا جاسکتا۔

دیوے گوڈا کے مطابق  جس وقت کمار سوامی وزیراعلیٰ تھے اس وقت ریاستی حکومت نے کاویری آبی تنازعہ ٹریبونل کے فیصلے کا سپریم کورٹ میں چیلنج کیاتھا، اس مرحلے میں خود انہوں نے سینئر وکیلوں سے ریاست کے مفادات کے تحفظ پر تبادلۂ خیال کیا۔ اس مرحلے میں کاویری معاملہ میں کرناٹک کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل فالی ایس ناریمن ریاستی حکومت کے موقف پر برہم ہوگئے تھے۔ ان کی برہمی کی پرواہ کئے بغیر ٹریبونل کے فیصلے کا سپریم کورٹ میں چیلنج کیاگیا ، اس وقت ریاست کے ایک بزرگ سیاست دان اور سابق وزیرآبپاشی ایچ این ننجے گوڈا نے ان کا ساتھ دیاتھا، اور دونوں نے مل کر سپریم کورٹ میں ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف عدالت سے رجوع کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں قومی سیاستی جماعتوں نے ریاستی عوام کو مشکلات میں ڈال دیا ہے، اقتدار کے علاوہ ان دونوں قومی سیاسی جماعتوں کو ریاستی عوام کے مفادات سے کچھ بھی سروکار نہیں۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ وہ اپنی عمر کے آخری مرحلے میں ہیں اب انہیں اقتدار کا کوئی لالچ نہیں ہے، وہ چاہتے ہیں کہ ریاست کے مفادات کو محفوظ رکھنے کیلئے جو بھی جدوجہد ہوسکے اسے انہیں دیں۔


Share: